تاثیر 11 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 11 ستمبر: ضلع پونچھ کے منڈی قصبے میں جمعہ کی علی الصبح دو ایل پی جی گیس سلنڈروں میں دھماکوں کے بعد چنار کیفے میں زبردست آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کیفے مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔حکام کے مطابق واقعہ صبح تقریباً 3 سے 4 بجے کے درمیان پیش آیا۔ کیفے بند تھا اور اندر موجود دو گیس سلنڈروں میں دھماکے ہوئے، جس کے فوراً بعد آگ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آگ کے نتیجے میں کیفے کا ڈھانچہ، فرنیچر اور دیگر سامان مکمل طور پر جل گیا۔ تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، کیونکہ حادثے کے وقت کیفے بند تھا۔دھماکوں کی آواز سن کر مقامی افراد موقع پر پہنچے اور پولیس و فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی۔ فائر ٹینڈرز نے موقع پر پہنچ کر سخت کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا اور اسے آس پاس کی دکانوں تک پھیلنے سے روک دیا۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں اور سلنڈروں میں دھماکوں اور آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔

