تاثیر 14 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 14 ستمبر: قدرتی آفت سے متاثرہ نیپال کی مدد کے لیے بھارت نے بجلی کی برآمد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی وزارتِ بجلی نے نیپال الیکٹریسٹی اتھارٹی کو 13 ستمبر سے 31 دسمبر 2026 تک روزانہ 18 گھنٹے بجلی برآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت کے مطابق مظفر پور-ڈھالکے بر 400 کے وی ڈی سی لائن کے ذریعے نیپال کو زیادہ سے زیادہ 600 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ٹنک پور-مہندر نگر 132 کے وی ایس سی لائن کے ذریعے 54 میگاواٹ تک بجلی فراہم کی جائے گی۔
وزارت نے بتایا کہ جنوری 2027 سے بجلی کی برآمد کی مقدار اور فراہمی کے انتظام کا دسمبر 2026 میں جائزہ لیا جائے گا۔ اس جائزے کی بنیاد پر نیپال کی بجلی کی ضرورت اور دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ کا انتظام طے کیا جائے گا۔
قابلِ ذکر ہے کہ حال ہی میں نیپال میں آنے والے شدید سیلاب سے ملک کے آبی بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ اس کے نتیجے میں ملکی بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی اور بجلی کا بحران مزید گہرا ہوگیا۔ ایسے وقت میں بھارت کی جانب سے اضافی بجلی کی فراہمی نیپال کی فوری توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

