تاثیر 14 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سرسا، 14 ستمبر: پولیس نے منشیات کے اسمگلروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ضلع کے مختلف علاقوں سے چھ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی ہیروئن اور چورا پوست برآمد کیا گیا ہے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت راجستھان کے ہنومان گڑھ ضلع کے رہنے والے بدھ سنگھ اور تیجا سنگھ جبکہ سرسا کے رہائشی گگن سنگھ، کلدیپ سنگھ، من پریت اور بلکرن سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔
سی آئی اے اعلن آباد کے انچارج نے پیر کو بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم ناکہ بندی کے دوران گاؤں بنی کے علاقے میں موجود تھی۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو افراد پلاسٹک کا تھیلا لے کر آتے ہوئے دکھائی دیے۔ پولیس کو دیکھتے ہی دونوں نے واپس مڑنے کی کوشش کی۔ شک کی بنیاد پر پولیس نے دونوں کو قابو کرکے تلاشی لی تو ان کے قبضے سے ساڑھے پانچ کلو گرام چورا پوست برآمد ہوا۔
دوسری کارروائی میں سی آئی اے کالانوالی پولیس نے منڈی کالانوالی کے علاقے سے گگن سنگھ اور کلدیپ سنگھ کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 34 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
اس کے علاوہ پولیس نے گاؤں گدرانہ کے علاقے سے من پریت اور بلکرن سنگھ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 7 گرام ہیروئن برآمد کی۔

