این ایچ-27 پر دو موٹر سائیکلوں کی ٹکر، ایک شخص شدید زخمی

تاثیر 19 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفٰی) دربھنگہ-مظفرپور این ایچ-27 پر سمری تھانہ علاقہ کے کنسی اینٹ بھٹہ کے قریب ہفتہ کی دوپہر دو موٹر سائیکلوں کے درمیان ٹکر میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ حادثے کے بعد موٹر سائیکل سوار سڑک پر گر گیا۔ موقع پر موجود راہگیروں نے زخمی کو اٹھا کر سڑک کے کنارے کیا اور حادثے کا شکار موٹر سائیکل کو بھی سڑک کے کنارے ہٹا دیا۔زخمی کی شناخت صدر تھانہ علاقہ کے دھوئی گھاٹ باشندہ امیش یادو کے طور پر بتائی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار دوسری موٹر سائیکل کو اوور ٹیک کر رہا تھا۔ اسی دوران توازن بگڑنے سے وہ موٹر سائیکل سمیت سڑک پر گر گیا اور شدید زخمی ہوگیا۔راہگیروں نے واقعہ کی اطلاع سمری تھانہ انچارج کو دی۔ تاہم اطلاع کے باوجود پولیس موقع پر نہیں پہنچ سکی۔ اس کے بعد دوسری موٹر سائیکل پر سوار نوجوان زخمی امیش یادو کو ابتدائی علاج کے لیے شوبھن چوک کی جانب لے گیا۔