تاثیر 19 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) جمعہ کی شب روہتاس ضلع کے امجھور تھانہ علاقہ میں رام دیہرا گاؤں کے قریب مورتی وسرجن کے دوران ایک ٹرک نے مورتی وسرجن ٹریکٹر میں ٹکر مار دی، جس سے 25 سالہ اجیت کمار موقع پر ہی ہلاک ہو گیا اور تقریباً ایک درجن دیگر زخمی بھی ہو گئے ۔ مشتعل افراد نے ٹرک کو بھی آگ لگا دی ۔ پولس جائے وقوعہ پر پہنچی اور واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ متذکرہ حادثہ جمعہ کی شب تقریباً آٹھ بجے کا ہے جب لوگ بھگوان وشوکرما کی مورتی کو ٹریکٹر پر لیکر سون ندی میں وسرجن کے لئے لے جا رہے تھے کہ مخالف سمت سے آنے والا ایک ٹرک نے اس ٹریکٹر میں ٹکر ماری ۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ٹریکٹر پر موجود مورتی، ڈی جے ساؤنڈ سسٹم اور دیگر سامان برباد ہوگیا ۔ اس حادثہ میں ایک درجن کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنمیں متعدد کی حالت تشویشناک ہے ۔ مقامی لوگوں نے تمام زخمیوں کو قریبی صحت مرکز میں علاج کے لئے داخل کرایا ہے اور ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں کچھ لوگوں کو اعلیٰ مرکز میں ریفر کر دیا گیا ہے ۔ اطلاع پر پہنچی امجھور تھانہ کی پولس نے صورتحال پر قابو پاتے ہوئے لاش کو اپنے قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے صدر اسپتال سہسرام بھیجا، پولس ملزم ٹرک ڈرائیور کی شناخت میں اور واقعہ کی تحقیقات میں لگ گئی ۔

