سی پی ایل کے فائنل میں پہنچی جمیکا کنگز مین، کوالیفائر-2 میں گیانا کو 5 وکٹ سے شکست

تاثیر 19 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

برج ٹاؤن (بارباڈوس)، 19 ستمبر: جمیکا کنگز مین نے کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2026 کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ ہفتہ کی صبح (ہندوستانی وقت کے مطابق) کھیلے گئے کوالیفائر-2 میں جمیکا کی ٹیم نے گیانا ایمیزون واریئرز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔کینسنگٹن اوول میں کھیلے گئے دلچسپ مقابلے میں گیانا ایمیزون واریئرز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں 4 وکٹ پر 206 رن بنائے۔ جواب میں کنگز مین نے 207 رن کا ہدف 19.4 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ جمیکا کی جیت کی خاص بات اس کی اجتماعی بلے بازی رہی۔ اس کے ٹاپ پانچ بلے بازوں نے اہم کردار ادا کرتے ہوئے ٹیم کو بڑے ہدف تک پہنچایا۔
پہلے بلے بازی کرنے اتری گیانا کی ٹیم کو ابتدا میں ہی جھٹکے لگے۔ سلامی بلے باز محمد حارث اور ماویندر دن دیال 9-9 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد شیمرون ہیٹمائر بلے بازی کے لیے آئے۔ گزشتہ چند مقابلوں میں ان کا بلا خاموش رہا تھا، لیکن اس میچ میں انہوں نے شاندار واپسی کی۔ انہوں نے کپتان شائی ہوپ کے ساتھ مل کر اننگز کو تیزی سے آگے بڑھایا اور 12 اوور تک ٹیم کا اسکور 100 کے پار پہنچا دیا۔