تاثیر 22 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
آئیچی-ناگویا، 22 ستمبر: پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے منگل کو ایشیائی کھیلوں کے تیسری پوزیشن کے مقابلے میں بنگلہ دیش کو 31 رن سے شکست دے کر کانسے کا تمغہ جیت لیا۔ نشین کے کورْوگی اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے مقابلے میں پاکستان کے 145/8 کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 114 رن بنا سکی۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان نے شوال ذوالفقار اور گل فیروزہ کے ساتھ اچھی شروعات کی۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 46 رن جوڑے۔ ناہیدہ اختر نے فیروزہ کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے 23 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 31 رن بنائے۔
اس کے بعد سائرہ جبین کریز پر آئیں، لیکن وہ زیادہ دیر نہیں ٹک سکیں اور پانچ رن بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔ ذوالفقار نے 27 گیندوں پر 17 رن بنائے، جبکہ ایمان فاطمہ اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکیں۔ عائشہ ظفر نے نو رن بنائے، لیکن شانزیدہ اختر میگھلا نے انہیں بھی پویلین بھیج دیا۔ ایک وقت پاکستان کا اسکور پانچ وکٹوں پر 67 رن تھا۔
کپتان فاطمہ ثنا نے عالیہ ریاض کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 67 رن جوڑے۔ ریاض نے 22 گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 25 رن بنائے۔ فاطمہ ثنا نے 45 رن کی اننگز میں تین چھکے اور تین چوکے لگائے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔ فاطمہ اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئیں۔

