تاثیر 22 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، 22 ستمبر: جموں کے اکھنور قصبے میں سڑکوں پر کھلے عام گھومنے والی بھینسوں کے جھنڈ نے ٹریفک نظام کو متاثر کر دیا ہے۔ خاص طور پر اسکولوں کے کھلنے اور چھٹی کے اوقات میں پنو چوک سے اکھنور تک سڑک پر بھینسوں کے باعث اکثر جام کی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق صبح کے وقت بھینسوں کے جھنڈ سڑکوں پر آ جاتے ہیں اور بازار و مرکزی سڑکوں پر بغیر کسی نگرانی کے گھومتے رہتے ہیں۔ دوپہر میں اسکولوں کی چھٹی کے وقت گاڑیوں کی تعداد بڑھنے کے ساتھ صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ بھینسوں کے گاڑیوں کے درمیان سے گزرنے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے علاوہ بعض اوقات گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کی شکایات بھی سامنے آتی ہیں۔ مقامی باشندوں نے بتایا کہ اس مسئلے کے بارے میں کئی مرتبہ متعلقہ محکموں کو آگاہ کیا جا چکا ہے تاہم اب تک کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔

