اتر پردیش میں شدید بارش کے پیش نظر وزیر اعلیٰ یوگی نے دی ہدایات

تاثیر 26 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 26 ستمبر: اتر پردیش میں گزشتہ دو روز سے جاری بارش نے معمولات زندگی کودرہم برہم کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے شدید بارش کے پیش نظر حکومت اور ضلع انتظامیہ کے افسران کو پوری طرح مستعد رہنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 32 اضلاع میں اچانک سیلاب کے خدشے اور 10 اضلاع میں شدید بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اتر پردیش میں شدید بارش کے پیش نظر حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت دی ہے۔ ہفتہ کو جاری بیان میں کہا گیا کہ بارش کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان اور مویشیوں کے نقصان کا بروقت جائزہ لیا جائے۔ تمام سینئر افسران کو فیلڈ میں موجود رہ کر راحت و بچاؤ کے کاموں کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔ شدید بارش اور آسمانی بجلی سے ہونے والے نقصانات کا 24 گھنٹے کے اندر جائزہ لے کر متاثرین کو معاوضہ فراہم کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ گرج چمک اور شدید بارش کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ شدید بارش کے دوران دریاؤں اور آبی ذخائر میں نہانے سے گریز کریں اور خصوصی احتیاط برتیں۔