تاثیر 26 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 26 ستمبر: اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ سمیت ریاست کے کئی اضلاع میں جمعرات سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ جمعہ کو بھی جاری رہا۔ مسلسل بارش کے باعث کئی مقامات پر معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے اور پانی جمع ہونے کی صورت حال پیدا ہوگئی۔ موسم کی صورت حال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر تمام اضلاع کے ضلع مجسٹریٹس اور انتظامی افسران الرٹ ہیں۔ اضلاع میں گاڑیوں کی آمدورفت، پانی جمع ہونے اور حساس علاقوں پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے متاثرہ اضلاع کے ضلع مجسٹریٹس کو علاقے میں موجود رہ کر صورت حال کا جائزہ لینے اور عام لوگوں کی سلامتی کو ترجیح دینے کی ہدایت دی ہے۔ ریاستی دارالحکومت لکھنؤ، اناؤ، کانپور ڈویژن، پریاگ راج ڈویژن، ایودھیا ڈویژن، وارانسی سمیت کئی اضلاع میں ہفتہ کی صبح ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی۔
چندر شیکھر آزاد زرعی و تکنیکی یونیورسٹی، کانپور (سی ایس اے) کے ماہر موسمیات ڈاکٹر ایس این سنیل پانڈے نے بتایا کہ محکمہ زراعت کی 25 ستمبر تک کی بارش کی رپورٹ کے مطابق ریاست کے 54 اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران ریاست میں 14 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ بلرام پور میں سب سے زیادہ 71.6 ملی میٹر اور بریلی میں سب سے کم 0.1 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔
یکم جون سے 25 ستمبر تک ریاست کے 15 اضلاع میں معمول سے 120 فیصد سے زیادہ، 36 اضلاع میں معمول کے مطابق، 10 اضلاع میں معمول سے کم اور آٹھ اضلاع میں معمول سے بہت کم بارش درج کی گئی۔ چھ اضلاع میں معمول سے انتہائی کم بارش ہوئی، جبکہ کسی بھی ضلع میں صفر بارش درج نہیں ہوئی۔

