تاثیر 26 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
آگرہ، 26 ستمبر: اتر پردیش کے آگرہ ضلع میں ہفتہ کی صبح آگرہ-لکھنؤ ایکسپریس وے پر ڈوکی تھانہ علاقے کے واجد پور کے قریب ایک تیز رفتار کار بے قابو ہوکر کئی بار پلٹ گئی۔ حادثے میں کار کی پچھلی نشست پر بیٹھے تین افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ ڈرائیور سمیت دو دیگر افراد زخمی ہوگئے۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام کو ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے سوگوار اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی حکام کو زخمیوں کا مناسب علاج کرانے اور متوفین کے اہل خانہ سے رابطہ کرکے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس عمران احمد نے بتایا کہ ہفتہ کی صبح ڈوکی تھانہ علاقے کے واجد پور گاؤں کے قریب آگرہ-لکھنؤ ایکسپریس وے پر ایک تیز رفتار کار بے قابو ہوکر کئی بار پلٹ گئی۔ حادثے میں کار میں سوار تین افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ ڈرائیور سمیت دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے لاشوں کو گاڑی سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے صدر بھیجا گیا۔ زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہونے پر انہیں ایمبولینس کے ذریعے ایس این میڈیکل کالج بھیجا گیا۔

