پاکستان-افغان سرحد پر جھڑپ، 13 طالبان جنگجوؤں کے مارے جانے کا دعویٰ

تاثیر 26 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

اسلام آباد، 26 ستمبر: پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان کی جانب سے 24 اور25 ستمبر کی رات گلستان سیکٹر میں سرحد پر حملے کی کوشش کو سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ اس دوران تقریباً 13 افغان طالبان جنگجو مارے گئے اور کئی دیگر زخمی ہوئے۔
میڈیا گروپ جیو نیوز نے پاکستان کی وزارت اطلاعات و نشریات کے حوالے سے بتایا کہ وزارت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں افغانستان کے اس دعوے کو مسترد کیا، جس میں اسپین بولدک کے قریب پاکستانی چوکی کو تباہ کرنے اور افغان فورسز کو کسی طرح کا نقصان نہ پہنچنے کی بات کہی گئی تھی۔ وزارت نے ان دعوؤں کو ’’جھوٹا اور من گھڑت‘‘ قرار دیا۔
وزارت کے مطابق، گلستان سیکٹر میں افغان حملے کی کوشش کو ناکام بنانے کے بعد طالبان کی سرحدی چوکیوں پر جوابی کارروائی کی گئی۔ پاکستان نے اس کارروائی کی ویڈیوز بھی جاری کیں اور انہیں سرحد پر ہوئی جھڑپ اور اس کے بعد کی فوجی کارروائی کا ثبوت بتایا۔
یہ واقعہ اس ہفتے افغانستان سے پاکستان میں ڈرون داخل کرنے کی مبینہ کئی کوششوں کے بعد پیش آیا ہے۔ پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا تھا کہ ان حملوں کے جواب میں پاکستانی فوج نے افغانستان میں 10 مقامات پر درست نشانے والے فضائی اور ڈرون حملے کیے۔