تاثیر 27 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
میدنی پور، 27 ستمبر: مغربی میدنی پور ضلع کے پیڑاکاٹا رینج کے رنجا بیٹ کے تحت ہاڑتڑا گاوں میں اتوار کی صبح دھان کے کھیت سے تین ہاتھیوں کی لاشیں برا?مد کی گئیں۔ ان میں ہاتھی کے دو بچے بھی شامل ہیں۔ ہاتھیوں کی موت کی وجہ کا فی الحال واضح طور پر پتہ نہیں چل سکا ہے۔ البتہ گاوں والوں نے بجلی کے کرنٹ کی زد میں آنے سے موت کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ جائے وقوع کے قریب بجلی کا تار لٹکتا ہوا ملا ہے۔
گاوں والوں نے اتوار کی صبح سب سے پہلے دھان کے کھیت میں تینوں ہاتھیوں کو مردہ حالت میں پڑے دیکھا۔ اس کی اطلاع محکمہ جنگلات کو دی گئی۔ خبر ملنے کے بعد محکمہ جنگلات کے ملازمین جائے وقوع پر پہنچے۔ پیڑاکاٹا رینج کے فارسٹ آفیسر شبھاشیش چودھری نے بتایا کہ ہاتھیوں کی موت کی وجہ فی الحال واضح نہیں ہے۔ البتہ، زراعتی کام کے لیے پمپ چلانے کی غرض سے دھان کے کھیت کے اوپر سے بجلی کا تار لے جایا گیا تھا۔ اسی تار کے رابطے میں آنے سے کرنٹ لگنے کی وجہ سے حادثہ پیش ا?نے کا کئی لوگ اندازہ لگا رہے ہیں۔ گاوں والے بھی اسی طرح کا اندیشہ ظاہر کر رہے ہیں۔ تاہم، پوسٹ مارٹم کے بعد ہی ہاتھیوں کی موت کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی۔

