تاثیر28 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضاامام): ایڈووکیٹ شاہد اطہر نے کہا کہ ڈاکٹر محمد امتیاز نورانی کا جن سوراج پریوار سے وابستہ ہونے کا فیصلہ ایک اہم سیاسی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نورانی طویل عرصے تک کانگریس کے لیے پوری وفاداری اور لگن کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں اور سماج، تعلیم اور عوامی خدمت کے میدان میں بھی فعال رہے ہیں۔شاہد اطہر نے کہا کہ ڈاکٹر امتیاز نورانی نے صحیح وقت پر صحیح فیصلہ کیا ہے اور جن سوراج پریوار ان کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بہار قانون ساز کونسل کے گریجویٹ اور ٹیچر حلقوں کے انتخابات میں جن سوراج تمام آٹھ نشستوں پر انتخاب لڑنے کی تیاری کر رہا ہے۔ ان آٹھ نشستوں میں چار گریجویٹ اور چار ٹیچر حلقے شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن سوراج کا مقصد تعلیم، صحت، روزگار اور ترقی جیسے بنیادی مسائل کو سیاسی بحث کے مرکز میں لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متھلانچل میں جن سوراج کے کارکنان تنظیم کو زمینی سطح پر مضبوط بنانے کے لیے پوری قوت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ شاہد اطہر نے کہا کہ ڈاکٹر محمد امتیاز نورانی نے اپنی زندگی کا ایک طویل عرصہ کانگریس کے لیے وقف کیا اور پارٹی کے لیے تن، من اور دھن سے کام کیا۔ ان کے مطابق جب طویل عرصے سے پارٹی کے ساتھ وابستہ کارکنوں کو ان کی توقع کے مطابق سیاسی مواقع نہیں ملتے تو وہ اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں غور کرنے پر مجبور ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امتیاز نورانی کا جن سوراج کے ساتھ وابستہ ہونے کا فیصلہ بھی اسی سیاسی سوچ کا نتیجہ ہے اور جن سوراج پریوار ان کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہے۔ ایڈووکیٹ شاہد اطہر نے کہا کہ جن سوراج کے بانی و محرک پرشانت کشور کی ’’صحیح لوگ، صحیح سوچ اور اجتماعی کوشش‘‘ کی سوچ کو زمینی سطح پر نافذ کرنے کے لیے کارکن مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن سوراج تعلیم، صحت، روزگار اور ترقی کو اہم مسائل بنا کر بہار کی سیاست میں ایک متبادل سیاسی مباحثہ قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب سیاست میں ذات پات اور مذہب کے بجائے تعلیم، روزگار، صحت اور ترقی جیسے بنیادی مسائل پر گفتگو ہونی چاہیے۔ بہار کے نوجوانوں کو بہتر تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شاہد اطہر نے کہا کہ جن سوراج آنے والے وقت میں بہار کے مختلف علاقوں میں اپنی تنظیم کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کام کرے گا اور قانون ساز کونسل کے انتخابات کو بھی اسی سیاسی و تنظیمی مہم کا ایک اہم حصہ بنایا گیا ہے۔

