تاثیر29 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھاگلپور، 29 ستمبر:بہار کے جموئی، سمستی پور،بانکا اور کشن گنج میں لڑکیوں کے ساتھ کھلے عام ہراساں کیے جانے اور چھیڑ چھاڑ کے ویڈیو سامنے آنے کے بعد بھاگلپور ضلع میں حال ہی میں پولیس انتظامیہ کوہائی الرٹ پررکھا گیا ہے۔خواتین اورلڑکیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بھاگلپور پولیس نے شہر کے تمام بڑے پارکوں میں حفاظتی انتظامات سخت کرتے ہوئے ایک خصوصی مہم شروع کی ہے۔ “پولیس دیدی”، جوپارکوں میں سیکورٹی کی نگرانی کرتی ہیں، فعال طور پر تعینات ہیں اور نوجوان خواتین اوربچیوں کے ساتھ بات چیت کررہی ہیں۔ ان بات چیت کے دوران خواتین سے ان کی حفاظت کے حوالے سے رائے لی جا رہی ہے اور انہیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے بارے میں تعلیم دی جا رہی ہے۔ ’پولیس دیدی‘ خواتین کویقین دلارہی ہیں کہ وہ اکیلے نہیں ہیں اور پولیس ہر قدم پر ان کی حفاظت کے لیے تیار ہے۔ مہم کے ایک حصے کے طور پر پولیس لڑکیوں کو خصوصی ہدایات جاری کررہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرکسی خاتون کو پارک میں یا اس کے آس پاس کسی بھی قسم کی پریشانی، بے حیائی یا ہراسگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو وہ بلا خوف و خطر فوری طور پر ایمرجنسی نمبر 112 پر کال کریں۔

