منی پور میں متعدد کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ، عسکریت پسند گرفتار

تاثیر29 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

امپھال، 29 ستمبر: سکیورٹی فورسز اور پولیس نے 28 ستمبر کو منی پور کے مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں، جن کے دوران مشتبہ ہیروئن برآمد کی گئی اور کالعدم عسکریت پسند تنظیموں سے وابستہ کئی مبینہ ارکان کو گرفتار کیا گیا۔ حکام کی جانب سے آج فراہم کردہ معلومات کے مطابق، ان کارروائیوں میں منشیات، نقدی، گاڑیاں اور ایک لیپ ٹاپ بھی ضبط کیا گیا۔
پورومپٹ پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم نے کھیتری-گاؤں سبال لیکائی سے ایک لاوارث ‘اے-اسٹار’ کار برآمد کی۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران، پچھلی سیٹ پر رکھے ایک بیگ سے صابن کے 12 پلاسٹک کیس ملے جن میں مشتبہ ہیروئن پاؤڈر موجود تھا؛ اس کا کل وزن 327 گرام تھا۔ ضبط شدہ منشیات اور گاڑی کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ایک اور کارروائی میں، امپھال ایسٹ سی ڈی او (کمانڈو) اہلکاروں اور سکیورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم نے سنجینبام کھونو کے مقام پر کے سی پی (نونگڈرینکھومبا) کے ایک سرگرم رکن وائکھوم ہیرو میتیئی عرف ایبومچا (23 سال) کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق، وہ تنظیم کے دیگر ارکان کے ساتھ مل کر ‘ٹاپ اواونگ لیکائی میں ایک خاتون کو اس کے گھر سے اغوا کرنے میں ملوث رہا ہے۔ اسے مزید قانونی کارروائی کے لیے لام لائی پولیس اسٹیشن کے حوالے کیا جا رہا ہے۔