ہوائی ایندھن کی قیمت 16 روپے بڑھ کر 137 روپے فی لیٹر، نئی قیمتیں نافذ

تاثیر1 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، یکم اکتوبر: سرکاری شعبے کی تیل و گیس کی مارکیٹنگ کمپنیوں نے تہواروں کے موسم سے قبل جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ کمپنیوں نے ہوائی جہاز کے ایندھن یعنی ایوی ایشن ٹربائن فیول (اے ٹی ایف) کی قیمت میں 13.22 فیصد اضافہ کیا ہے۔ اے ٹی ایف کی قیمت میں مسلسل تیسرے ماہ اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی قیمتیں آج جمعرات سے نافذ ہو گئی ہیں۔
انڈین آئل کی ویب سائٹ کے مطابق، ہوائی ایندھن کی قیمت میں تقریباً 16 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد یہ قیمت 121 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 137 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اے ٹی ایف کی قیمت میں اضافے کے بعد دہلی میں گھریلو ایئرلائنز کے لیے ہوائی ایندھن کی قیمت تقریباً 1,37,000 روپے فی کلو لیٹر (137 روپے فی لیٹر) ہو گئی ہے۔
مغربی ایشیا میں جاری بحران کے درمیان تیل کمپنیوں نے اس سے قبل ستمبر میں اے ٹی ایف کی قیمت میں 6.28 روپے فی لیٹر، یعنی 5.46 فیصد اضافہ کیا تھا۔ اس سے پہلے اگست میں بھی اس کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ اکتوبر میں یہ اضافہ تقریباً 13 فیصد ہے، جبکہ تین ماہ کے دوران جیٹ فیول کی قیمت میں مجموعی طور پر تقریباً 25 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔