تاثیر1 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
رانچی، یکم اکتوبر: رانچی کے چٹیا تھانہ علاقے میں زیورات کی دکان کے مالک اور مقامی لوگوں کے درمیان ہوئی مارپیٹ کے بعد جمعرات کو بڑی تعداد میں مقامی افراد چٹیا تھانے پہنچے۔ لوگوں نے پولیس سے پورے معاملے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرنے اور حقائق و شواہد کی بنیاد پر دونوں فریقوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق، بدھ کی رات پاور چوک کے قریب واقع ایک زیورات کی دکان کے مالک اور چٹیا کی نائک ٹولی کے رہنے والے کچھ نوجوانوں کے درمیان کسی بات کو لے کر بحث شروع ہوئی۔ الزام ہے کہ مشتعل نوجوانوں اور دکاندار کے حامیوں کے درمیان زبردست مارپیٹ ہوئی۔
واقعے میں دونوں فریقوں کے تقریباً چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے کچھ کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا، جبکہ شدید زخمی بعض افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔واقعے کے بعد دونوں فریقوں نے ایک دوسرے پر مارپیٹ کا الزام عائد کیا ہے۔ وہیں مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ معاملے میں پولیس کی کارروائی ایک فریق کے حق میں ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ اسی سلسلے میں بڑی تعداد میں لوگ تھانے پہنچے اور پولیس افسران کے سامنے اپنی بات رکھی۔

