ایشیائی کھیل 2026: سری لنکا کو بڑی شکست دے کر ٹیم انڈیا نے ٹی-20 میں عالمی ریکارڈ قائم کیا

تاثیر1 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

آئچی-ناگویا، یکم اکتوبر: ایشیائی کھیلوں کے کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں سری لنکا کو 124 رن سے شکست دینے کے ساتھ ہندوستانی ٹیم نے مردوں کے ٹی-20 بین الاقوامی کرکٹ میں 100 یا اس سے زیادہ رن کے فرق سے جیت کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ اس فرق سے یہ ہندوستان کی 11ویں جیت ہے۔
ہندوستان کی جیت میں ایشان کشن کی 80 رن کی ناٹ آوٹ اننگز کے بعد اکشر پٹیل، جسپریت بمراہ اور ابھیشیک شرما کی شاندار گیند بازی میں اہم کردار رہا۔ مشکل پچ پر ہندوستان کے 169 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سری لنکا کی پوری ٹیم 9.5 اوورز میں صرف 45 رن پر سمٹ گئی۔
ہندوستان کی 124 رن کی جیت مردوں کے ٹی-20 بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل یا فائنل میں جیت کے سب سے بڑے فرق کا نیا ریکارڈ بھی ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بھی ہندوستان کے نام تھا، جب اس نے احمد آباد میں 2026 ٹی-20 ورلڈ کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 96 رن سے شکست دی تھی۔
سری لنکا کا 45 رن کا اسکور کسی ٹیسٹ کھیلنے والے ملک کے خلاف ٹی-20 بین الاقوامی میچ میں پوری ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد مشترکہ طور پر سب سے کم اسکور ہے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے 2019 میں باسٹیئر میں انگلینڈ کے خلاف 45 رن بنائے تھے۔