وزیراعلیٰ قانون و انتظام کو درست کریں اور عوام کا اعتماد بحال کریں: بابولال مرانڈی

تاثیر4 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

رانچی، 4 اکتوبر: جھارکھنڈ اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف بابولال مرانڈی نے ریاست کے انتظامی نظام اور بدعنوانی کے معاملے پر وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو خود احتسابی کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پْرسکون ذہن کے ساتھ غور کرنا چاہیے کہ ان کی حکومت میں نظامِ حکومت کس حد تک پہنچ چکا ہے۔
مرانڈی نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر وزیراعلیٰ سے مخاطب ہوتے ہوئے کئی معاملات کا ذکر کیا اور حکومت کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ زمین گھوٹالہ معاملے میں وزیراعلیٰ کے خلاف الزامات طے ہو چکے ہیں۔ انہوں نے ای ڈی کے افسران پر مبینہ طور پر فرضی ایس سی-ایس ٹی ایکٹ لگانے کے معاملے میں جواب نہ دینے پر ہائی کورٹ کی جانب سے 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیے جانے کا بھی ذکر کیا۔
قائد حزبِ اختلاف نے شراب گھوٹالہ معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اے سی بی کی عدالت میں حکومت کے ایک سکریٹری پر پالیسی میں تبدیلی کے لیے 50 کروڑ روپے رشوت لینے کی بات کہی گئی ہے۔ انہوں نے پتھر گھوٹالے میں سی بی آئی تحقیقات کے حکم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے اس معاملے کے مرکزی ملزم کی جانب سے وزیراعلیٰ کے اثر و رسوخ کے استعمال کی بات بھی کہی ہے۔