تاثیر5 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 5 اکتوبر: ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی تین روزہ دو ماہی مالیاتی پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی جائزہ میٹنگ پیر سے شروع ہو گئی ہے۔ اقتصادی امور کے ماہرین نے اس بار پالیسی شرحِ سود، یعنی ریپو ریٹ میں 0.25 فیصد تک اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ریزرو بینک کے گورنر سنجے ملہوترا کی صدارت میں ممبئی میں یہ جائزہ میٹنگ 5 سے 7 اکتوبر تک چلے گی۔ اس کے بعد سنجے ملہوترا 7 اکتوبر کو صبح 10 بجے ایم پی سی کے مانیٹری پالیسی فیصلے کی معلومات دیں گے۔ میٹنگ میں مہنگائی، اقتصادی سرگرمیوں اور پالیسی شرحِ سود (ریپو ریٹ) کی صورتِ حال کا جائزہ لیا جائے گا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی بڑھتی قیمتوں اور مہنگائی کے خطرات کے درمیان اس بار پالیسی شرحِ سود میں اضافے کے امکانات نظر آ رہے ہیں۔
ماہرینِ اقتصادیات اور بینک افسران کا ماننا ہے کہ مغربی ایشیا میں جاری بحران کے دوبارہ گہرا ہونے سے پیدا ہونے والے مہنگائی کے دباؤ کے درمیان ریزرو بینک اکتوبر کی مانیٹری پالیسی جائزہ میٹنگ میں ریپو ریٹ میں 0.25 فیصد اضافہ کر سکتا ہے۔ اس سے قبل بروکریج فرم نومورا نے اکتوبر سے دسمبر کے درمیان ہونے والی مانیٹری پالیسی جائزہ میٹنگوں میں پالیسی شرح، یعنی ریپو ریٹ میں 0.25-0.25 فیصد تک اضافے کا اندازہ ظاہر کیا تھا۔

