ہندوستان اورسوئٹزرلینڈ کے درمیان نقل و حمل اور تحقیق کے شعبہ سے متعلق امور پر معاہدے

تاثیر5 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 5 اکتوبر: ہندوستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان پیر کو نقل و حمل، نقل مکانی و بنیادی ڈھانچے، ہجرت و نقل مکانی اور نوجوان پیشہ ور افراد سے متعلق شعبہ جات میں نئے معاہدے ہوئے۔ ان میں صحت، صاف توانائی اور خلائی شعبے میں نئی مشترکہ تحقیق بھی شامل ہے۔ دونوں فریقوں نے امن، سفارت کاری اور عالمی اداروں میں اصلاحات کے تئیں اپنے عزم کی بھی توثیق کی۔
دونوں ممالک کے درمیان کل پانچ معاہدے ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی دونوں ممالک نے سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت کے تعاون سے منعقد کیے جانے والے ہندوستان-سوئٹزرلینڈ ریسرچ فلیگ شپ پروگرام کے افتتاحی اجلاس کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعظم نریندر مودی نے آج حیدرآباد ہاؤس میں سوئٹزرلینڈ کے صدر گائی پارملین کے ساتھ جامع بات چیت کی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے آج ایکس پر بتایا کہ ہندوستان کی برآمدات کے لیے سوئٹزرلینڈ میں بازار تک رسائی بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کو مزید آسان بنانے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ اس سے ہندوستان کی زرعی، دوا سازی، ٹیکسٹائل اور انجینئرنگ مصنوعات کی سوئٹزرلینڈ کو برآمدات میں اضافہ ہوگا اور ہم ہندوستان کے حیاتیاتی ٹیکنالوجی، حیاتیاتی علوم، بینکنگ، بیمہ، غذائی پروسیسنگ اور پائیداری جیسے اہم شعبوں میں سوئٹزرلینڈ کی نئی سرمایہ کاری کو راغب کریں گے۔ ان اقدامات کے ساتھ ہم مل کر پوری دنیا کے لیے قابل اعتماد سپلائی چین اور قابل اعتماد حل تیار کریں گے۔