طالبات کی حفاظت میں لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی: ریکھا گپتا

تاثیر8 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 8 اکتوبر: دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے دہلی یونیورسٹی کیمپس میں روشنی کی کمی والے مقامات سے متعلق معاملے ، ٹوٹے ہوئے فٹ پاتھ اور کچرے کے مسئلے کو جلد حل کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کی حفاظت میں کسی بھی طرح کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے بدھ کی دیر رات دہلی یونیورسٹی کیمپس کا دورہ کیا اور آرٹس فیکلٹی کے باہر طالبات سے ملاقات کرکے ان کی تشویشات براہ راست سنیں۔ انہوں نے بتایا کہ معائنے کے دوران کئی مسائل سامنے آئے، جن میں تاریک مقامات، اسٹریٹ لائٹنگ کی کمی، ٹوٹے پھوٹے فٹ پاتھ، سی سی ٹی وی کیمروں کی ناکافی کوریج اور جگہ جگہ کچرا جمع ہونا شامل ہیں۔ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے ہر مسئلے کو حل کریں اور اس پر عمل درآمد کی باریک بینی سے نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کی حفاظت اور سلامتی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ کسی بھی طرح کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔