ڈاکٹر محمد امتیاز نورانی کی حمایت میں جن سوراج پارٹی کے کارکنان کی اہم میٹنگ، انتخابی مہم کو تیز کرنے کا فیصلہ

تاثیر9 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضاامام):۔ جن سوراج پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر محمد امتیاز نورانی کی حمایت میں شہر کے معززین اور ضلع جن سوراج کے کارکنان کی ایک اہم میٹنگ انجینئر عمر فاروق رحمانی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں پروفیسر اسلم، جاوید رحمان، ڈاکٹر اقبال حسن رِشو (رکن امن کمیٹی)، سابق کونسلر عبد الہادی صدیقی، علی اکبر (ضلع نائب صدر، جن سوراج اقلیتی شعبہ)، آمنہ صفی (رکن ضلع کمیٹی جن سوراج)، محمد اسلم (رکن ضلع جن سوراج)، ڈاکٹر یونس سلیم، ڈاکٹر جی ایم انصاری، سونا انصاری، محمد حذیفہ حسن اور ایڈووکیٹ شاہد اَتھر (بانی رکن و سماجی کارکن) سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ میٹنگ میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ شیو دھارا سے سارا موہن پور ہوتے ہوئے پنڈاسرائے تک انتخابی مہم کو منظم انداز میں چلانے اور شہر کے معزز ووٹروں سے رابطہ قائم کرنے کے لیے کرم گنج میں ایک مرکزی دفتر قائم کیا جائے گا، جبکہ شہر کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں دو ذیلی دفاتر جمعہ سے شروع کیے جائیں گے۔ اس موقع پر انجینئر عمر فاروق رحمانی نے کہا کہ امیدوار اپنی عوامی رابطہ مہم کے دوران شہر کے کالجوں اور ہائی اسکولوں کا طوفانی دورہ کریں گے اور ووٹروں سے براہِ راست رابطہ قائم کریں گے۔ سابق کونسلر عبد الہادی صدیقی نے کہا کہ ہماری ٹیم گزشتہ کئی ماہ سے دربھنگہ ضلع کے دیہی علاقوں میں مسلسل کام کر رہی ہے اور انتخابی مہم کو مضبوط بنانے کے لیے سرگرم ہے۔ ڈاکٹر اقبال حسن رِشو نے کہا کہ پوری امید ہے کہ ہمارے امیدوار کو تمام طبقات کے ووٹروں کی جانب سے پہلی ترجیح کے ووٹ حاصل ہوں گے۔ وہیں آمنہ صفی نے کہا کہ جن سوراج کے بانی پرشانت کشور نے بہار میں بدعنوانی اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ اس جدوجہد کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانکی پور کے انتخاب میں کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اب قانون ساز کونسل کی تمام آٹھ نشستوں پر فتح کا پرچم لہرانے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔ ایڈووکیٹ شاہد اَتھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جن سوراج پارٹی اور محترم پرشانت کشور کی قیادت میں تبدیلی کی ایک لہر چل رہی ہے۔ ہم سب پوری محنت، اتحاد اور عزم کے ساتھ انتخابی میدان میں سرگرم ہیں اور ہمیں امید ہے کہ بہار کی تمام آٹھوں نشستوں پر کامیابی حاصل کریں گے۔