حصول علم میں جہد مسلسل کو اپنا شیوہ بنائیں!:- فروفیسر کوثر مظہری۔

تاثیر9 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بزمِ جامعہ کے زیر اہتمام شعبۂ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ کے نووارد طلبہ و طالبات کے لیے شان دار جشن استقبالیہ۔
ارریہ :- ( مشتاق احمد صدیقی ) شعبۂ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ و طالبات کی دستوری، ادبی و ثقافتی تنظی”بزمِ جامعہ” کے زیر اہتمام بی اے اور ایم اے کے نووارد طلبہ و طالبات کے لئے انجینئرنگ آڈیٹوریم میں ایک پروقار اور شان دار جشن استقبالیہ کا انعقاد کیا گیا۔ صدر شعبہ پروفیسر کوثر مظہری نے صدارتی خطاب میں مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس شعبے کی عظیم علمی و ادبی وراثت کے امین ہیں۔ لہٰذا آپ کی ذمے داری ہے کہ جہد مسلسل کو اپنا شیوہ بناتے ہوئے اپنے خاندان، مادرِ دانش گاہ اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ ایڈوائزر بزم جامعہ ڈاکٹر خالد مبشر نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ اپنے اساتذہ کی مہارتوں سے ذاتی طور پر استفادے کی کوشش کریں۔ ڈاکٹر ذاکر حسین لائبریری کی علمی ثروت مندی سے بھی فیض اٹھانا ان کے لیے مفید ہوگا۔ اے آئی اور ریلز کے سلسلے میں معتدل اور محتاط رویہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ جشن استقبالیہ بعنوان ’ہوا خیمہ زن کاروانِ بہار‘ کو مختلف پررونق ادبی اور ثقافتی مظاہروں سے آراستہ و پیراستہ کیا گیا۔ جن میں ترانۂ جامعہ، قوالی اور تمثیلی مشاعرے کی پرجوش پذیرائی کی گئی۔ سیکڑوں طلبہ کی پرامنگ موجودگی میں بی اے اور ایم اے کے نووارد طلبہ و طالبات نے اپنا تعارف پیش کیا اور انھیں اساتذہ کے دست مبارک سے مومنٹو سے نوازا گیا۔ اس موقع پر طلبہ نے اپنے تخلیق کردہ خاکے، انشائیے اور سفرنامے پیش کیے۔ نیز انھوں نے خوش آواز غزل خوانی سے بھی سامعین کو محظوظ کیا۔ قوالی اور تمثیلی مشاعرہ شعبے کے استاذ اور بزم جامعہ کے ممبر ڈاکٹر جاوید حسن کی ہدایت اور نگرانی میں منعقد کیا گیا۔ تقریب کے اہتمام میں بزم جامعہ کے ممبر اساتذہ ڈاکٹر محمد مقیم، ڈاکٹر شاداب تبسم، ڈاکٹر قرۃ العین، ڈاکٹر راحت افزا اور ڈاکٹر ثاقب فریدی نے بحسن و خوبی طلبہ کی رہنمائی کے فرائض انجام دیے۔ بزم جامعہ کے نائب صدر محمد رضاء الحق، جنرل سکریٹری محمد عابد حسین، جوائنٹ سکریٹری محمد معاذ، خازن سہانا اور میڈیا کوآڈی نیٹرشعیب حمزہ کے علاوہ اراکین سعید جامعی، ندیم خان، امۃ اللہ، نسیم، محمد ارباز اور اسامہ غازی نے جلسے کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ استقبالیہ تقریب میں پروفیسر شہزاد انجم، پروفیسر ندیم احمد، پروفیسر عمران احمد عندلیب، پروفیسر سرور الہدیٰ، پروفیسر شاہ عالم، ڈاکٹر سید تنویر حسین، ڈاکٹر مشیر احمد، ڈاکٹر محمد آدم، ڈاکٹر ثاقب عمران، ڈاکٹر شاہنواز فیاض، ڈاکٹر نوشاد منظر،ڈاکٹر مخمور صدری، ڈاکٹر خان رضوان اور ڈاکٹر روبینہ شاہین زبیری نے شرکت فرمائی۔ اس کے علاوہ سیکڑوں کی تعداد میں ریسرچ اسکالر اور طلبہ و طالبات موجود تھے۔