تمل ناڈو وزیر اعلیٰ وجے نے سات منزلہ ’پیریار اریوولگم‘ عمارت کا افتتاح کیا

تاثیر16 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کوئمبٹور، 16 اکتوبر: تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ وجے نے جمعہ کے روز کوئمبٹور میں سات منزلہ ’پیریار اریوولگم‘ عمارت کا افتتاح کیا۔ جدید سہولتوں سے آراستہ اس کمپلیکس کو طلبہ، محققین اور عام لوگوں کے لیے تعلیم، مطالعے، تحقیق اور سائنسی سرگرمیوں کا اہم مرکز بنانے کا منصوبہ ہے۔افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے وزیر اعلیٰ صبح تقریباً 11 بجے کوئمبٹور پہنچے۔ اس موقع پر اویناشی روڈ سے گاندھی پورم تک تقریباً 10 کلومیٹر طویل روڈ شو کے دوران سڑک کے دونوں جانب بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔ وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد وجے کا کوئمبٹور کا یہ پہلا دورہ تھا۔
عمارت میں 350 افراد کی گنجائش والا جدید آڈیٹوریم، معذور افراد کے لیے خصوصی لائبریری اور سائنسی آلات سے لیس سائنس سینٹر بھی موجود ہے۔ یہاں پلانیٹیریم اور ’اسپیس لفٹ‘ جیسی سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔اس کمپلیکس کا مقصد طلبہ میں سائنسی سوچ کو فروغ دینا، ٹیکنالوجی کے تئیں دلچسپی بڑھانا اور مطالعے کی عادت کو مضبوط کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ وجے اس کے بعد سرکاری پروگرام میں شرکت کرکے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور فلاحی اسکیموں کے مستحقین میں امداد تقسیم کریں گے۔