ملک کو تشدد اور افراتفری کی آگ میں جھونکنا چاہتی ہے کانگریس: راج ناتھ سنگھ

تاثیر15 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 16 اکتوبر: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کانگریس پر ملک میں تشدد اور افراتفری کا ماحول پیدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن پارٹی اپنی سیاسی شکست کا بدلہ ملک سے لینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’چینج رجیم‘ (اقتدار کی تبدیلی) اور ’مزاحمت‘ جیسے نعروں کے ذریعے جمہوری نظام کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ راج ناتھ سنگھ جمعہ کو اپنے پارلیمانی حلقے لکھنؤ کے دورے کے دوسرے دن ریاستی بی جے پی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کا سیاسی وارث ہونے کا دعویٰ کرنے والی کانگریس نے تشدد اور افراتفری کی سیاست اپنا کر ’گاندھی‘ نام استعمال کرنے کا اخلاقی جواز کھو دیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس ہندوستان میں بنگلہ دیش جیسے حالات پیدا کرنے کا خواب دیکھ رہی ہے۔ اتر پردیش میں کانگریس کے 37 سال سے اقتدار سے باہر رہنے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ پارٹی کی سیاسی صورت حال کے پیچھے مبینہ ووٹ چوری کے الزامات ہیں یا اس کی پالیسیوں اور کارکردگی کی ناکامی۔