میسورو-مڈیکیری شاہراہ پرخوفناک حادثہ، 4 افراد ہلاک، 20 سے زائد زخمی

تاثیر15 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

میسورو، 16 اکتوبر:کرناٹک کے ضلع میسورو کے پیریاپٹن تعلقہ میں کیرنہلی گیٹ کے قریب جمعہ کی علی الصبح ایک نجی بس اور لاری کے درمیان آمنے سامنے کی زبردست ٹکر میں چار افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ 20 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق، حادثہ جمعہ کی علی الصبح تقریباً 3:30 بجے پیش آیا۔ میسورو سے مڈیکیری جانے والی نجی بس کی ٹکر مڈیکیری کی جانب سے میسورو آنے والی لاری سے ہو گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ بس اور لاری دونوں بری طرح تباہ ہو گئیں۔ حادثے میں چار افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
ہلاک ہونے والوں میں بس ڈرائیور سنیل (26)، کنڈکٹر سندیش (25) اور بس کے مسافر آفتاب (23) کی شناخت ہو گئی ہے، جب کہ چوتھے متوفی کی شناخت ابھی نہیں ہو سکی ہے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے 20 سے زائد مسافروں کو پیریاپٹن کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ جمعرات کی رات ہونے والی شدید بارش کے باعث درخت کی ایک شاخ سڑک پر گر گئی تھی۔ اس شاخ سے بچنے کی کوشش میں لاری ڈرائیور نے گاڑی دائیں جانب موڑ دی، اسی دوران سامنے سے آنے والی نجی بس سے اس کی ٹکر ہو گئی۔