تاثیر23 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پولیس اہلکاروں، سِوک والنٹئرس اور مقامی لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا
مشرقی بردوان، (ملا جسیم الدین) بروز جمعرات مشرقی بردوان ضلع کے منگل کوٹ تھانے کی جانب سے تھانہ احاطے میں رضاکارانہ خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کا بنیادی مقصد ضرورت مند مریضوں کی جان بچانے کے لیے خون کی دستیابی کو یقینی بنانے کے ساتھ معاشرے میں انسانیت، ہمدردی اور سماجی ذمہ داری کا پیغام عام کرنا تھا۔
اس موقع پر کٹوا کے ایس ڈی پی او شری کاشی ناتھ مستری، منگل کوٹ بلاک کے بی ڈی او سمیت کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔ کیمپ میں مقامی باشندوں، سِوک والنٹئرس اور پولیس اہلکاروں نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیتے ہوئے رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کیا۔
منگل کوٹ تھانے کے آئی سی مدھوسودن گھوش نے اس پہل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خون عطیہ کرنے والوں کا یہ بے لوث تعاون معاشرے میں باہمی ہمدردی اور تعاون کے جذبے کو فروغ دینے کے ساتھ پولیس اور عوام کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط بناتا ہے۔
اس کیمپ کے ذریعے منگل کوٹ پولیس نے یہ پیغام دیا کہ عوام کی حفاظت کے ساتھ انسانی زندگیوں کو بچانے اور سماجی فلاح و بہبود کے کاموں میں بھی پولیس کا اہم کردار ہے۔

