پارٹی کے ساتھ ہمیشہ وفادار رہیں: ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی کارکنوں سے اپیل

تاثیر24 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سری نگر، 24 اکتوبر:جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کارکنوں کو پارٹی کے ساتھ ایمانداری سے وابستہ رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے ساتھ وابستگی ذاتی مفادات کے بجائے ایمانداری کے اصولوں پر مبنی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ اس وقت بھی پارٹی کا ساتھ دیں جب وہ اقتدار میں نہ ہو۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے یہ باتیں ہفتہ کو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں پارٹی کارکنوں کے جلسے سے خطاب کے دوران کہیں۔ انہوں نے کارکنوں سے مخاطب ہو کر کہا: ’’اگر آپ سچ مچ اس جماعت کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں تو ایمانداری کے ساتھ چلیں، بے ایمانی نہ کریں۔‘‘
ان کا کہنا تھا: ’’آج حکومت ہے تو آپ ہمارے ساتھ ہیں۔ اگر آپ کو اس جماعت کے ساتھ رہنا ہے تو تب بھی رہیں جب ہمارے پاس حکومت نہیں ہوگی۔ اسی طرح ہم آگے بڑھ سکتے ہیں اور لوگوں کے مسائل حل کر سکتے ہیں۔‘‘