اگلے 10 سال میں بھی بنگلہ دیش واپس نہیں آئیں گی شیخ حسینہ: حفیظ الدین

تاثیر24 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ڈھاکہ، 24 اکتوبر: بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے اسپیکر حفیظ الدین احمد نے ہفتہ کے روز کہا کہ انہیں اگلے 10 سال تک سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی ملک واپسی کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔ حفیظ الدین نے یہ تبصرہ بھولا سرکٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ اپنے سیاسی تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’مجھے نہیں لگتا کہ شیخ حسینہ اگلے 10 سال میں بھی واپس آ پائیں گی۔‘‘
بنگلہ دیش کے انگریزی اخبار ’دی ڈیلی اسٹار‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق، حفیظ الدین نے عوامی لیگ کے دورِ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے اپنے اقتدار کے دوران ایسا ماحول پیدا کردیا تھا، جس میں سماج کے ایماندار، اہل اور غیر جانب دار لوگوں کے لیے انتخابات لڑنا مشکل ہوگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی لیگ کی سرگرمیوں پر اب پابندی عائد کردی گئی ہے۔
حفیظ الدین نے انتخابی نظام میں بنیادی اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسا نظام بنایا جانا چاہیے، جس کے تحت عام شہری بھی انتخابات میں حصہ لے سکیں۔ انتخابات لڑنے کے لیے صرف دولت اور مالی طاقت ہی نہیں، بلکہ عوامی حمایت اور سماجی قبولیت بھی اہمیت رکھنی چاہیے۔