دربھنگہ میں انڈین مسلم پبلک افیئرز کمیٹیکا عظیم الشان فکری و تعلیمی اجلاس، تعلیمی ادارے کے قیام کے لیے تین بیگھہ زمین دینے کا اعلان

تاثیر27 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضاامام): انڈین مسلم پبلک افیئرز کمیٹی کے زیر اہتمام اتوار کو دربھنگہ میں ایک عظیم الشان فکری و تعلیمی اجلاس منعقد ہوا۔ صبح 10 بجے خواتین کا خصوصی اجلاس اور دوپہر 2 بجے سے شام 6 بجے تک جنرل اجلاس ہوا۔اجلاس میں ملت کی تعلیمی ترقی، معاشی خود کفالت، نوجوانوں کے روزگار اور خواتین کی سماجی بیداری پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔اجلاس کی صدارت حضرت علامہ مولانا عبیداللہ خان اعظمی (سابق رکن پارلیمنٹ، نائب صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) نے فرمائی۔ تلاوت مولانا امام حسین صاحب نے اور نعت پروفیسر شرف عالم ماہتاب نے پیش کی۔مہمانان میں ڈاکٹر انیس احمد (سابق وزیر، مہاراشٹر)، ڈاکٹر آفتاب عالم، ڈاکٹر اظہار احمد (سابق ایم ایل اے، چیئرمین تخمینہ کمیٹی بہار)، اختر الایمان ایم ایل اے، ڈاکٹر اسماء زہرہ، ڈاکٹر روحی یاسمین اور دیگر شامل تھے۔ نظامت عبدالمتین قاسمی نے کی۔اپنے خطاب میں مولانا اعظمی نے کہا “تعلیم ہی قوم کی ترقی اور تحفظ کی بنیاد ہے” اور انجینئر عمر فاروق رحمانی کی جانب سے دربھنگہ میں تعلیمی ادارے کے لیے تین بیگھہ زمین دینے کے اعلان کو قابل تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر خواتین کانفرنس میں پیس انٹرنیشنل اسکول، بھپورہ کورونی کی جانب سے محترمہ ڈاکٹر اسماء زہرہ صاحبہ کو سکیبہ فرناز اور شبنم پروین کے ہاتھوں ایک یادگاری میمنٹو پیش کیا گیا۔