تاثیر28 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 28 اکتوبر:دہلی ہائی کورٹ نے پاسپورٹ جاری کرنے اور اس کی تجدید کے لیے وصول کی جانے والی فیس میں اضافے کے حکومتی فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضی خارج کر دی ہے۔ قائم مقام چیف جسٹس نتن واسودیو سامبرے کی صدارت والی بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ 14 سال کے طویل وقفے کے بعد فیس میں کیا جانے والا تقریباً 67 فیصد کا اضافہ کسی بھی طور غیر مناسب یا حد سے زیادہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔
یہ عرضی ’پرواسی لیگل سیل‘ نامی تنظیم کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ اس میں بنیادی طور پر ’پاسپورٹ (ترمیمی) رولز، 2026‘ کو چیلنج کیا گیا تھا۔ درخواست گزار کے وکیل نے خاص طور پر غیر مقیم ہندوستانیوں (این آر آئیز) اور ملک میں مقیم ہندوستانیوں کے لیے مقرر کردہ فیس کے فرق پر اعتراض ظاہر کیا۔ ان کا استدلال تھا کہ ہندوستان میں رہنے والے شہریوں کے مقابلے غیر مقیم ہندوستانیوں کو تقریباً پانچ ہزار روپے زائد ادا کرنے پڑتے ہیں۔ دلیل میں کہا گیا کہ اس بھاری اضافے سے خلیجی ممالک میں پلمبر، مکینک اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ مالی طور پر کمزور ہندوستانی تارکینِ وطن پر ناقابلِ برداشت مالی بوجھ پڑے گا۔
عدالت نے نیا اے ایس سے دریافت کیا کہ بیرونِ ملک رہنے والے شہریوں کی مالی حالت کا اندازہ کون لگائے گا اور کیا کسی دوسرے ملک کی سند حکومتِ ہند کے لیے لازمی ہو سکتی ہے؟ عدالت نے واضح کیا کہ پاسپورٹ فیس کا تعین اور تارکین وطن کی مالی حیثیت کا تخمینہ لگانا مکمل طور پر حکومت کے پالیسی فیصلوں کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ جب تک یہ فیس انتہائی ظالمانہ یا غیر منطقی نہ ہو، عدالت انتظامیہ کے ایسے فیصلوں میں مداخلت نہیں کرے گی۔

