بہار کے 3130 نجی اسکولوں کو محکمہ تعلیم کا نوٹس، ایک لاکھ روپے تک جرمانے کی تیاری، پٹنہ کے 432 اسکولوں کو 7 نومبر تک مہلت

تاثیر30 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ،30اکتوبر: بہار میں بغیر سرکاری منظوری کے چلائے جارہے نجی اسکولوں کے خلاف محکمہ تعلیم نے کارروائی کی تیاری شروع کردی ہے۔ ریاست کے 3130 نجی اسکولوں نے یو ڈائس کوڈ حاصل کرنے کے باوجود حقِ تعلیم قانون کے تحت لازمی منظوری نہیں لی ہے۔ ایسے اسکولوں پر ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔محکمہ کے مطابق منظوری کے بغیر اسکول چلنے سے حقِ تعلیم قانون کے تحت غریب بچوں کے مفت داخلے کا عمل متاثر ہورہا ہے۔ اس کی وجہ سے ہر سال تقریباً 40 سے 45 ہزار بچے مفت داخلے کے موقع سے محروم رہ جاتے ہیں۔
دوسری جانب ریاست کے 1937 نجی اسکولوں کی منظوری کی تجدید کا معاملہ بھی زیر التوا ہے۔ محکمہ نے متعلقہ افسران کو ان درخواستوں پر ایک ہفتے کے اندر ضروری کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔پٹنہ ضلع میں ایسے 432 نجی اسکولوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جنہوں نے یو ڈائس کوڈ تو حاصل کرلیا ہے، لیکن حقِ تعلیم قانون 2009 کے تحت لازمی منظوری نہیں لی ہے۔ محکمہ نے ان تمام اسکولوں کو ای-سمبندھ پورٹل کے ذریعے 7 نومبر تک آن لائن درخواست جمع کرنے کا آخری موقع دیا ہے۔