تاثیر3 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
باؤنڈری وال، سائیکل اسٹینڈ، اسٹیڈیم میں اسٹیج اور نالی کی تعمیر کے لیے درخواستیں پیش
سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفٰی)بلاک حلقہ کی ہریرپور مغربی اور ٹیکٹار پنچایت میں منگل کے روز تعاون کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر وکرم کمار بھاسکر کی نگرانی میں منعقدہ اس کیمپ میں مختلف محکموں سے متعلق عوامی مسائل کی سماعت کی گئی اور ان کے حل کی پہل کی گئی۔اس موقع پر +2 ہائر سیکنڈری اسکول بہوارہ کے طلبہ محمد رضوان، محمد عاطف، سمیر، محمد محبوب سمیت درجنوں طلبہ نے بلاک ایجوکیشن آفیسر ونود کمار کو درخواست پیش کرتے ہوئے اسکول احاطے میں باؤنڈری وال اور سائیکل اسٹینڈ تعمیر کرانے کا مطالبہ کیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ ان بنیادی سہولیات کی کمی کی وجہ سے انہیں کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔وہیں مولانا ابوالکلام آزاد اسٹیڈیم، بہوارہ بزرگ میں اسٹیج اور کھیل گھر کی تعمیر کے علاوہ وارڈ نمبر 16 میں نالی کی تعمیر سمیت دیگر عوامی مسائل کے حل کے لیے مقامی لوگوں نے پنچایتی راج آفیسر کو درخواست سونپی۔کیمپ کے دوران محکمہ مال، دیہی ترقی، منریگا، سماجی بہبود، ویمن ڈیولپمنٹ کارپوریشن، پنشن، زراعت، محنت، ضلع روزگار، خوراک و صارفین تحفظ، بجلی، محکمہ صحت عامہ و انجینئرنگ، پنچایتی راج، صحت، تعلیم، مویشی پروری، داخلہ، صنعت اور بینکنگ سمیت مختلف محکموں سے متعلق معاملات کی سماعت کی گئی۔ اس کے علاوہ صاف پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر ہریرپور مغربی پنچایت کی مکھیا زرینہ خاتون، اسکول کے پرنسپل مرتیونجے کمار، بی ای او ونود کمار، اساتذہ چندن راجا، منوہر پاٹھک، مکھیا نمائندہ محمد گلاب، کارگزار معاون امیش رام، پنچایت سکریٹری گوپال کمار ٹھاکر، صفائی سپروائزر انیل رام، محکمہ صحت سے ڈاکٹر شارق رحمانی، اے این ایم ڈولی کماری، رینا کماری، بباشا کماری سمیت مقامی باشندے میر محمد شہنواز، محمد اعجاز وغیرہ موجود تھے

