دیوالی کی روشنی کے لیے دن رات محنت کر رہی ہیں کمہار خواتین، پھلو ریہ کی کہار بستی میں گونج رہی ہے چاک کی آواز

تاثیر4 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

وارانسی، 4 نومبر: دیوالی کا تہوار قریب آتے ہی اتر پردیش کے مذہبی شہر وارانسی کے روایتی گھروں اور بازاروں میں تہوار کی رونق بڑھنے لگی ہے۔ وہیں لوگوں کے گھروں اور آنگنوں کو روشن کرنے کے لیے وارانسی کے کینٹ علاقے میں واقع پھلوریہ کی کمہار (پرَجاپتی) بستی میں کمہار خاندان دن رات محنت کر رہے ہیں۔ بستی میں گھومتے ہوئے چاک اور مٹی کو مختلف شکلیں دیتے ہاتھوں کی تھاپ کے درمیان دیوالی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ اس روایتی ہنر کو محفوظ رکھنے میں خواتین بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
بستی کی رہنے والی رینو دیوی اپنے خاندان کے ساتھ نسل در نسل چلی آ رہی مٹی کے برتن بنانے کی روایت کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ ان کے ہاتھوں سے تیار ہونے والے مٹی کے دیے، گگری، پروے، ہڑیا، ڈھکنی، پرئی اور بھڑئیا جیسے روایتی برتن آج بھی لوگوں کے عقیدے، ثقافت اور دیہی طرزِ زندگی کا اہم حصہ ہیں۔ دیوالی کے پیش نظر ان دنوں ان کا پورا خاندان دیے اور پوجا کے سامان تیار کرنے میں مصروف ہے۔