جموں شہر میں فضائی آلودگی کی سطح میں اضافہ درج

تاثیر7 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 07 نومبر:دیوالی سے قبل جموں شہر میں فضائی آلودگی کی سطح میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ جمعہ کے روز شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 138 ریکارڈ کیا گیا، جس کے پیش نظر ڈاکٹروں نے لوگوں کو پٹاخوں کے استعمال میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔سینے کے امراض کے ماہر ڈاکٹر راجیشور شرما کے مطابق پٹاخوں سے نکلنے والا دھواں دمہ اور برونکائٹس کے مریضوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ اس سے سانس کی نالیوں میں سوزش پیدا ہونے اور دمہ کا دورہ پڑنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
جی ایم سی جموں کے شعبہ امراض قلب کے سربراہ ڈاکٹر سشیل شرما نے لوگوں سے ماحول دوست دیوالی منانے اور روایتی پٹاخوں سے پرہیز کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹاخوں سے خارج ہونے والی زہریلی گیس اور باریک ذرات فضائی آلودگی میں اضافہ کرتے ہیں، جس سے سانس اور دل کے مریض متاثر ہوسکتے ہیں۔جی ایم سی کے ماہر ڈاکٹر وشال ٹنڈن نے بھی خبردار کیا کہ آلودگی سے آنکھوں میں جلن اور گلے میں خراش جیسی شکایات پیدا ہوسکتی ہیں۔