تاثیر9 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دیوالی کی پوری رات دہلی-این سی آر کے آسمان پر پٹاخوں کی آوازیں گونجتی رہیں۔اور پھر صبح ہوتے ہی تقریباََ پورے شہر پر گھنا دھواں چھا گیا۔ سونیا وہار میں ایئر کوالٹی انڈیکس 449 تک پہنچ گیا۔ متعدد اسٹیشنوں پر ہوا ‘سنگین’ زمرے میں درج ہوئی۔ لوگ گلیوں میں ماسک پہنے گھوم رہے ہیں اور سانس لینا مشکل ہو گیا ہے۔ یہ صورتحال صرف ایک موسمی واقعہ نہیں بلکہ بار بار دہرائی جانے والی ناکامی کی کی ایک طویل داستان بن چکی ہے۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ گزشتہ اتوار کی رات دہلی کے کئی نگرانی مراکز پر ہوا کی کیفیت ’سنگین‘ یا ’ہت خراب‘ رہی۔ برہڑی کراسنگ، ویویک وہار، جہانگیرپوری، روہنی اور منڈکا جیسے علاقوں میں اے کیو آئی 400 سے اوپر چلا گیا۔ لٹینز دہلی اور جنوبی دہلی نسبتاً بہتر رہے مگر وہ بھی ‘بہت خراب’ زمرے سے باہر نہیں نکل سکے۔ کم ہوا کی رفتار اور کم درجہ حرارت نے پی ایم 2.5 کے ذرات کو سطح کے قریب ہی روک دیا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ تقریباََ پورا شہر زہریلی چادر میں لپٹ گیا۔
اس صورتحال کے دو بڑے فوری اسباب ہیں۔ پہلا، دیوالی کی رات پٹاخوں کا بے تحاشا استعمال۔ حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق محدود اوقات میں صرف گرین پٹاخوں کو پھوڑنے کی اجازت دی تھی۔ مگر رات گئے تک پٹاخوں کی آوازیں گونجتی رہیں۔ دوسرا سبب پنجاب میں پرالی جلانے کے واقعات ہیں۔ سی اے کیو ایم کے مطابق 8 نومبر تک پنجاب میں 4459 واقعات درج ہوئے۔ 1310 جگہوں پر تصدیق ہوئی، 884 مقدمات درج کیے گئے اور 62.55 لاکھ روپے کا ماحولیاتی جرمانہ عائد کیا گیا۔ ترن تارن، فیروزپور اور سنگرور جیسے اضلاع پرالی جلانے میں سرِ فہرست رہے۔ گرچہ آلودگی پھیلانے میں پرالی کا حصہ تقریباً تین فیصد بتایا جا رہا ہے مگر یہ حصہ بھی کوئی معمولی نہیں ہے۔
اس کے ساتھ سیاست بھی گرم ہو گئی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے رہنما سوربھ بھادواج نے حکومت پر الزام لگایا ہے کہ آلودگی کے اعداد و شمار چھپائے جا رہے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ کچھ نگرانی مراکز بند کر دیے گئے، نئے مراکز سرسبز علاقوں میں لگائے گئے اور زیادہ آلودگی والے مقامات پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے تاکہ اعداد کم دکھیں۔ حکومت ان الزامات کی تردید کرتی ہے مگر عوام کے ذہن میں سوال پیدا ہو گیا ہے کہ اصل صورتحال کیا ہے۔ظاہر ہے، جب اعداد و شمار پر اعتماد ختم ہو جائے تو حل تلاش کرنا اور بھی مشکل ہو جاتا ہے۔
یہ بحران صرف آج کا نہیں ہے۔ ہر سال دیوالی کے بعد اور پرالی کے موسم میں دہلی سانس لینے کے قابل نہیں رہ جاتی ہے۔ بچے، بزرگ اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا لوگ سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ پی ایم 2.5 کے باریک ذرات پھیپھڑوں میں گھس کر دل کی بیماریوں اور دمہ کو بڑھا دیتے ہیں۔ اس کے باوجود اقدامات عارضی اور سطحی رہتے ہیں۔ گرین پٹاخوں کو بھوڑنے کی اپیل، پرالی پر جرمانے اور مختصر مدت کے پابندیاں کافی نہیں ہیں۔ اصل مسئلہ نفاذ کی کمزوری، ریاستوں کے درمیان ہم آہنگی کی کمی اور طویل المدتی منصوبہ بندی کی عدم موجودگی ہے۔
حل واضح ہیں۔ پٹاخوں پر سخت اور یکساں نفاذ ضروری ہے۔ پرالی جلانے کے متبادل جیسے مشینری کی فراہمی اور کسانوں کو ترغیب دینے کی ضرورت ہے۔۔ نگرانی کے نظام کو شفاف بنانا ہوگا تاکہ اعداد و شمار پر عوام کا اعتماد بحال ہوسکے۔ شہری منصوبہ بندی میں گرین بلٹس اور عوامی نقل و حمل کو ترجیح دینی چاہئے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ آلودگی کو سیاسی الزام تراشی کا میدان بنانے کے بجائے مشترکہ ذمہ داری سمجھا جائے۔
ظاہر ہے،دہلی کی ہوا اب صرف مقامی مسئلہ نہیں رہی۔ یہ قومی صحت اور مستقبل کی علامت بن چکی ہے۔ اگر آج بھی صرف عارضی اقدامات پر انحصار کیا گیا تو یقیناََ اگلے سال اور اس کے اگلے سال بھی پھر وہی کہانی دہرائی جاتی رہے گی۔ وقت آ گیا ہے کہ بیان بازی سے آگے بڑھ کرمؤثر عملی اقدامات کئے جائیں۔ ہمیں یہ کبھی نہیں بھولنا چاہئے کہ سانس لینا بنیادی حق ہے اور اسے یقینی بنانا ریاست اور معاشرے دونوں کی ذمہ داری ہے۔

