مرکزی وزیرکھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2026 کے پروگرام کا اعلان کیا، تلنگانہ کرے گا میزبانی

تاثیر9 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 9 نومبر : مرکزی وزیر برائے امور نوجوانان و کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے پیر کے روز کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2026 کے مکمل پروگرام کا اعلان کیا۔ تلنگانہ میں 11 سے 22 دسمبر تک منعقد ہونے والے ان کھیلوں کے مقابلے میں 27 مسابقتی اور ایک نمائشی کھیل سمیت مجموعی طور پر 28 کھیل شامل ہوں گے۔ کھیلو انڈیا پروگرام کی تاریخ میں پہلی بار تلنگانہ اس کی میزبانی کرے گا۔
حیدرآباد میں لال بہادر شاستری اسٹیڈیم کمپلیکس، بشیر باغ اور جدید گچی باؤلی اسپورٹس کمپلیکس سمیت مختلف مقامات پر 22 کھیلوں کے تمغوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ باقی کھیلوں کی میزبانی کھمم (تیر اندازی)، ہنمکنڈہ (ایتھلیٹکس)، کریم نگر (جوڈو)، نظام آباد (ٹیبل ٹینس) اور محبوب نگر (کبڈی) کریں گے۔
ڈاکٹر مانڈویا نے کہا، ’’مجھے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2026 کے پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کھیلو انڈیا مقابلوں کی ایک نئی سیریز کا آغاز ہوگا۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران ان مقابلوں نے باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔ اس کے بعد کھلاڑی ہماری اسکیموں کے ذریعے بہترین کارکردگی کی راہ پر آگے بڑھتے ہیں۔ ایچی-ناگویا میں منعقدہ ایشیائی کھیلوں کے فوراً بعد کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کا انعقاد ہو رہا ہے، اس لیے ہمیں یہاں کئی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ دیکھنے کی امید ہے۔‘‘