صحت کی خدمات میں زبان کی رکاوٹ دور کرے گی کثیر لسانی اے آئی ٹیکنالوجی

تاثیر21 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 21 نومبر : ملک کے اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور مریضوں کے درمیان زبان کی رکاوٹ دور کرنے کے لیے کثیر لسانی مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کی مدد سے ڈاکٹر مریضوں سے ان کی اپنی زبان میں بات چیت کر سکیں گے اور آواز کے ذریعے میڈیکل ریکارڈ، نسخے اور اسپتال سے چھٹی کے وقت دی جانے والی ہدایات بھی تیار کر سکیں گے۔ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس)، پڈوچیری کے جواہر لعل انسٹی ٹیوٹ آف پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (جپمر) اور فوج کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیکل سروسز نے اس ٹیکنالوجی کے استعمال کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔