تاثیر23 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 23/ نومبر (محمد نعیم) ہوٹل مینجمنٹ کے طلبہ کو بین الاقوامی سطح پر روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور فرانسیسی زبان و ثقافت سے روشناس کرانے کے مقصد سے الائنس فرانسیز دو بنگال اور انسٹی ٹیوٹ آف ہوٹل مینجمنٹ کولکاتا کے درمیان مفاہمتی معاہدہ (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کے تحت ’فرینچ ایج پروگرام‘ شروع کیا جائے گا، جس کے ذریعے طلبہ کو فرانسیسی زبان کی باقاعدہ تربیت دی جائے گی۔
آئی ایچ ایم کولکاتا کے کیمپس میں منعقدہ تقریب میں فرانس کے سفارت خانے کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن لیزا امون، کولکاتا میں فرانس کے قونصل جنرل تھیری موریل، الائنس فرانسیز دو بنگال کے ڈائریکٹر مارک بوڈین، آئی ایچ ایم کولکاتا کے پرنسپل راجا سادھوکھاں، این سی ایچ ایم سی ٹی کے ڈائریکٹر (اکیڈمکس) ڈاکٹر پریہ درشن لکھاوت اور ڈائریکٹر (اسٹڈیز) ڈاکٹر ستویر سنگھ سمیت دیگر عہدیدار موجود تھے۔
اس پروگرام کے تحت طلبہ کو مرحلہ وار فرانسیسی زبان کی تعلیم دی جائے گی، جس کا ہدف یوروپی زبانوں کے مشترکہ معیار (CEFR) کے مطابق اے 2 سطح تک مہارت حاصل کرنا ہے۔ اس کے علاوہ طلبہ کو ڈیلف اے 1 اور اے 2 امتحانات کی تیاری، ثقافتی ورکشاپس، فرانسیسی مہمانوں سے ملاقات اور مختلف بین الاقوامی سرگرمیوں میں شرکت کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔
فرانس کے قونصل جنرل تھیری موریل نے کہا کہ ہندوستان اور فرانس کے درمیان تعلیمی و پیشہ ورانہ تبادلے میں اس طرح کے تعاون کی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ فرانسیسی زبان اور ثقافت نوجوانوں کے لیے نئے امکانات پیدا کرسکتی ہے، بالخصوص ہوٹل اور مہمان نوازی جیسے بین الاقوامی شعبوں میں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں ہند۔فرانس تعاون کو نئی رفتار دینے کی کوششوں کے تحت یہ شراکت داری دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
الائنس فرانسیز دو بنگال کے ڈائریکٹر مارک بوڈین نے کہا کہ فرانسیسی زبان محض ایک زبان نہیں بلکہ نئی ثقافتوں کو سمجھنے، تعلقات قائم کرنے اور پیشہ ورانہ مواقع حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ ہوٹل مینجمنٹ کے طلبہ کے لیے فرانسیسی زبان سیکھنا وہاں کی مہمان نوازی، تہذیب، آداب اور روایات کو سمجھنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ فرانسیسی وائن اور گیسٹرونومی سے متعلق خصوصی مختصر کورسز شروع کرنے کے امکانات بھی تلاش کیے جارہے ہیں۔
آئی ایچ ایم کولکاتا کے پرنسپل راجا سادھوکھاں نے کہا کہ یہ معاہدہ محض دو اداروں کے درمیان شراکت داری نہیں بلکہ ہندوستان اور فرانس کے درمیان مضبوط تعلقات کی علامت ہے۔ غیر ملکی زبان پر عبور طلبہ کو عالمی ہوٹل انڈسٹری میں نمایاں برتری دے گا اور انہیں فرانس سمیت یورپی ممالک میں ملازمت کے بہتر امکانات فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزارت سیاحت، حکومت ہند نے بھی اس پہل میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور ملک کے دیگر ہوٹل مینجمنٹ اداروں میں بھی اس ماڈل کو نافذ کرنے کے امکانات پر غور کیا جاسکتا ہے۔

