تاثیر23 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 23 نومبر: ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کو کلکتہ ہائی کورٹ سے ایک بار پھر بڑی راحت ملی ہے۔ ریاست کے تین تھانوں میں درج ایف آئی آر اور ’سیواشرے‘ پروجیکٹ سے متعلق معاملات میں عدالت نے ان کے عبوری حفاظتی حکم کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔
پیر کے روز جسٹس سوگت بھٹاچاریہ کی سنگل بنچ نے حکم دیا کہ ان معاملات میں ابھیشیک بنرجی کو حاصل عبوری تحفظ آئندہ 26 فروری تک برقرار رہے گا۔ اس مدت کے دوران پولیس ان کے خلاف کوئی بھی سخت کارروائی نہیں کر سکے گی۔
کولکاتا کے بھوانی پور تھانے اور جنوبی 24 پرگنہ کے کالی تلا اور وشنو پور تھانوں میں ڈائمنڈ ہاربر کے رکن پارلیمنٹ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھیں۔ اس سے پہلے 25 اگست کو جسٹس بھٹاچاریہ نے ان تینوں معاملات میں انہیں عبوری تحفظ فراہم کیا تھا، جس کی مدت 30 نومبر کو ختم ہونے والی تھی۔

