تاثیر24 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 24 نومبر: بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے منگل کے روز لوک سیوک آواس واقع ’سنکلپ‘ کانفرنس ہال میں ’بہار گتی‘ پروگرام کے تحت 100 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والے ریاستی ترقیاتی منصوبوں اور مرکزی حکومت کی مختلف اسکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس دوران اعلیٰ تعلیم اور زرعی ترقی سے متعلق منصوبوں پر خصوصی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ترقیاتی منصوبوں کے کاموں میں تیزی لانے اور مقررہ مدت کے اندر انہیں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر محکمہ اعلیٰ تعلیم کے سکریٹری راجیو روشن نے محکمے کی مختلف اسکیموں کے نفاذ اور پیش رفت سے متعلق تفصیلی معلومات پیش کیں۔ وزیر اعلیٰ نے پاٹلی پتر یونیورسٹی کی انتظامی اور تعلیمی عمارت، انڈور اسٹیڈیم، قومی شاہراہ سے رابطہ سڑک سمیت دیگر تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ پورنیہ یونیورسٹی اور پٹنہ یونیورسٹی کی زیر تعمیر عمارتوں کے کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
سمراٹ چودھری نے واضح ہدایت دی کہ پاٹلی پتر، پورنیہ اور پٹنہ یونیورسٹیوں کی زیر تعمیر عمارتوں سمیت دیگر بنیادی ڈھانچے کی تعمیر مارچ 2027 تک ہر حال میں مکمل کی جائے۔ انہوں نے پٹنہ یونیورسٹی کی مجموعی ترقی کے لیے تمام متعلقہ شراکت داروں سے بات چیت کرکے ایک جامع ماسٹر پلان تیار کرنے کی بھی ہدایت دی۔ ساتھ ہی یونیورسٹی کے ہاسٹلوں میں صرف طلبہ کی رہائش یقینی بنانے کو کہا۔

