دہلی فساد معاملہ : شرجیل امام اور عمر خالد کی ضمانت کی نئی درخواستوں پر دہلی پولیس کو نوٹس

تاثیر25 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 25 نومبر:سپریم کورٹ نے دہلی فسادات کی سازش رچنے کے ملزم شرجیل امام اور عمر خالد کی جانب سے دائر ضمانت کی نئی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے یہ نوٹس جاری کیا۔ شرجیل امام اور عمر خالد نے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے 30 ستمبر کو دونوں کی ضمانت عرضیاں خارج کر دی تھیں۔ جسٹس پرتیبھا سنگھ کی سربراہی والی بنچ نے کہا تھا کہ ہائی کورٹ سپریم کورٹ کے حکم کی پابند ہے اور عدالتی نظم و ضبط کی پاسداری ضروری ہے۔
اس سے قبل کڑکڑڈوما عدالت نے 4 جولائی کو عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت عرضیاں خارج کر دی تھیں۔ ایڈیشنل سیشن جج سمیر باجپئی نے کہا تھا کہ وہ سپریم کورٹ کے 5 جنوری کے حکم پر عمل کرنے کے پابند ہیں۔ کڑکڑڈوما عدالت نے یہ بھی کہا تھا کہ عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت عرضیاں ٹرائل کورٹ میں بھی سماعت کے قابل نہیں ہیں۔
عمر خالد اور شرجیل امام اس سے پہلے بھی سپریم کورٹ سے رجوع کر چکے تھے، تاہم 5 جنوری کو سپریم کورٹ نے ان کی ضمانت عرضیاں خارج کر دی تھیں۔ البتہ اسی روز سپریم کورٹ نے گل فشاں فاطمہ، میران حیدر، شفا الرحمٰن، شاداب احمد اور محمد سلیم خان کو ضمانت دے دی تھی۔ اس کے بعد سپریم کورٹ نے 22 مئی کو ملزم خالد سیفی اور تسلیم احمد کو چھ ماہ کی عبوری ضمانت دی تھی۔