تاثیر25 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 25 نومبر: شیوسینا (ادھو بال ٹھاکرے گروپ) کے رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے نے پونے کے چاکن ایم آئی ڈی سی اور ہنجوڑی آئی ٹی پارک میں شہریوں، صنعت کاروں اور ملازمین کو درپیش مختلف مسائل کے حل کے لیے مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ بدھ کو تحریر کردہ اس مکتوب میں انہوں نے دونوں علاقوں میں ٹریفک جام، سڑکوں کی خستہ حالی، بجلی کی غیر منظم فراہمی، پانی کی قلت اور ٹھوس فضلے کے انتظام سے متعلق مسائل کی جانب وزیراعلیٰ کی توجہ مبذول کرائی۔ ان مسائل کے باعث مذکورہ علاقوں کے شہریوں کے ساتھ صنعت کاروں اور وہاں کام کرنے والے ملازمین کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
آدتیہ ٹھاکرے نے وزیراعلیٰ سے درخواست کی ہے کہ چاکن ایم آئی ڈی سی اور ہنجوڑی آئی ٹی پارک کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران، مقامی انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کا فوری اجلاس طلب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے سلسلے میں ماضی میں بھی متعدد مرتبہ احتجاجی تحریکیں چلائی جاچکی ہیں، تاہم مسائل حل کرنے کی یقین دہانیوں کے باوجود صورت حال بدستور برقرار ہے۔

