پولیس کی کارروائی میں 24.57 کلوگرام گانجا کے ساتھ دو اسمگلر گرفتار

تاثیر26 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سہرسہ (سالک کوثر امام)ضلع سہرسہ کے سونورسا راج تھانہ پولیس نے منشیات کے خلاف جاری خصوصی مہم کے تحت بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 24 کلو 570 گرام گانجا کے ساتھ دو مبینہ اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ملزمین کے قبضے سے دو موبائل فون اور ایک پلسر موٹر سائیکل بھی ضبط کی ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق، ایس پی سہرسہ کی ہدایت پر ضلع کے مختلف تھانہ علاقوں میں خشک نشہ کے غیر قانونی کاروبار، اسمگلنگ اور استعمال پر روک لگانے کے لیے مسلسل خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں 25 نومبر کی صبح گشت کے دوران سونورشا راج تھانہ پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ دو افراد بیراٹ پور سے سونورشا راج ہوتے ہوئے کھگڑیا کی جانب گانجا لے کر جا رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سینئر افسران کو مطلع کیا اور سونورشا راج این ایچ 107 کے بلاک موڑ کے قریب مسلح پولیس فورس کے ساتھ گاڑیوں کی جانچ اور چھاپہ ماری شروع کر دی۔
اسی دوران سوہا رجواڑہ کی جانب سے ایک پلسر موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد آتے دکھائی دیے۔ پولیس نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا تو دونوں نے موٹر سائیکل موڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل سڑک کنارے پھسل کر گر گئی، جس کے بعد پولیس نے دونوں کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار افراد کی شناخت نرمل کمار، ولد رشی دیو یادو، ساکن اریا وارڈ نمبر 08 اور راہل کمار عرف جگنو، ولد مرحوم پرکاش داس، ساکن دیوری وارڈ نمبر 06، تھانہ مڑیا، ضلع کھگڑیا کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق، تلاشی کے دوران نرمل کمار کے پشت پر موجود بیگ سے گانجے کے 10 پیکٹ برآمد ہوئے، جن کا وزن 9.873 کلوگرام تھا، جبکہ دوسرے ملزم کے ہاتھ میں موجود بیگ سے 15 پیکٹ گانجا برآمد ہوا، جس کا وزن 14.697 کلوگرام پایا گیا۔ اس طرح مجموعی طور پر 25 پیکٹوں میں 24.57 کلوگرام گانجا ضبط کیا گیا۔ اس کے علاوہ دو موبائل فون اور ایک پلسر موٹر سائیکل بھی ضبط کی گئی۔