تاثیر26 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کاٹھمنڈو، 26 نومبر: نیپال کی حکومت اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) نے ہمالیائی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے آنے والے سیلاب، جسے گلوف (جی ایل او ایف) کہا جاتا ہے، کا خطرہ کم کرنے اور مقامی آبادی کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تقریباً پانچ کروڑ ڈالر کا ایک اہم منصوبہ شروع کیا ہے۔
’گلوف سنجیونی‘ نامی اس منصوبے سے سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں میں رہنے والے 3 لاکھ 85 ہزار سے زیادہ افراد کو براہِ راست فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ ان میں 55 فیصد خواتین ہوں گی۔ اس کے علاوہ منصوبے کے دائرہ اثر میں آنے والی دریائی وادیوں کے نشیبی علاقوں میں رہنے والے تقریباً 20 لاکھ افراد کو بالواسطہ فائدہ ہوگا۔
منگل کو کاٹھمنڈو میں منعقدہ افتتاحی ورکشاپ میں منصوبے کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔ اس میں نیپالی حکومت کے حکام، گرین کلائمیٹ فنڈ (جی سی ایف)، یو این ڈی پی، صوبائی و مقامی حکومتوں کے نمائندوں، تکنیکی ماہرین اور ترقیاتی شراکت داروں نے شرکت کی۔

