وزارت زراعت نے بھی اعتراف کیا ، نوٹوں کی منسوخی سے کسانوں کی کمر ٹوٹی: راہل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 21-November-2018

نئی دہلی (یو این آئی) کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے نوٹوں کی منسوخی پر وزیراعظم نریندر مودی کو پھر نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس فیصلہ کے خلاف بولنے والوں کا مضحکہ اڑانے والوں کی حکومت کی وزارت زراعت نے بھی اب تسلیم کرلیا ہے کہ نوٹوں کی منسوخی سے کسانوں کی کمر ٹوٹی ہے۔

مسٹر گاندھی نے بدھ کو کہا کہ وہ شروع سے ہی کہتے رہے ہیں کہ نوٹوں کی منسوخی سے ملک کو بے حساب نقصان ہوا ہے اور مسٹر مودی کے اس فیصلے نے کسانوں کی زندگی تباہ کی ہے لیکن یہ فیصلہ کرنے والے مسٹر مودی اور ان کی حکومت کے لوگ اب تک ان کی بات کا مضحکہ اڑاتے تھے۔ اسی حکومت کی وزارت زراعت نے کانگریس کی بات کو صحیح ٹھہراتے ہوئے کہہ دیا ہے کہ نوٹوں کی منسوخی نے کسان کوکہیں کا نہیں چھوڑا۔

کانگریس کے صدرٹوئٹ کیا کہ نوٹوں کی منسوخی نے کروڑ وں کسانوں کی زندگی تباہ کردی ہے ۔ اب ان کے پاس بیج۔کھاد خریدنے کے لئے کافی پیسہ بھی نہیں ہے لیکن آج بھی مسٹرمود ی ہمارے کسانوں کی بدقسمتی کا مضحکہ اڑاتے ہیں۔ اب ان کی وزارت زراعت بھی کہہ رہی ہے کہ نوٹوں کی منسوخی سے کسانوں کی کمر ٹوٹی۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ خبربھی پوسٹ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزارت زراعت نے بھی تسلیم کیا کہ نوٹوں کی منسوخی سے کسانوں کی کمر ٹوٹی ہے۔ خبر کے مطابق وزارت زراعت سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ میں یہ تبصرہ کیا گیا ہے۔