چھتیس گڑھ میں پہلے مرحلے میں 75فیصد سے زائد ووٹنگ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-November-2018

رائے پور،(یواین آئی) چھتیس گڑھ میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان پہلے مرحلے کی نکسلی انتہاپسندی کے گڑھ کی 18 اسمبلی سیٹوں پر پولنگ پرامن طریقے سے ختم ہوگئی جس میں 75 فیصد سے زیادہ ووٹنگ ہونے کی اطلاع ہے ۔ ریاست الیکشن افسر کے دفتر سے ملی اطلاعات کے مطابق پہلے مرحلے کی 18 سيٹوں میں سے 10 انتہائی حساس سیٹوں موکلا مان پور، انتاگڑھ، بھانو پرتاپ پور، كانکیر، كیشکال، كونڈاگاوں، نارائن پور، دنتے واڑہ، بیجاپور اور كونٹا میں سیکورٹی وجوہات کے سبب پولنگ صبح سات بجے شروع ہوئی تھی ۔ یہاں پولنگ تین بجے ختم ہوگئی۔ اس مرحلے کی باقی آٹھ سيٹوں كھیراگڑھ، ڈوگرگڑھ، ڈوگراگاوں، راج ناندگاوں، كھجي، بستر، جگدل پور اور چترکوٹ میں صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک ووٹنگ ہوئی۔ کچھ پولنگ مراکز پر وقت ختم ہونے بعد بھی بھیڑ تھی، ان کے ووٹ ڈالنے تک پولنگ جاری رہے گی۔اس مرحلے میں جن 190 امیدواروں کا سیاسی مستقبل ای وی ایم میں قید ہوا ان میں وزیر اعلی ڈاکٹرمن سنگھ بھی شامل هیں ۔ ڈاکٹر سنگھ راج ناندگاوں سیٹ سے امیدوار ہیں جن کا مقابلہ کانگریس امیدوار سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی بھتیجی کرونا شکلا سے ہے۔اس مرحلے میں ووٹنگ کے لئے 4336 پولنگ مرکز بنائے گئے تھے جن میں بستر ڈویژن کی 12 سیٹوں میں 1190 اور ضلع راج ناندگاوں ضلع میں 221 پولنگ مراکز انتہائی حساس تھے جن میں31 لاکھ 80 ہزار 014 ووٹر تھے جس میں 15 لاکھ 57 ہزار 435 مرد اور 16 لاکھ 22 ہزار 492 خواتین ووٹر شامل تھے۔اس کے علاوہ 87 تیسری جنس کے ووٹر بھی تھے۔راج ناندگاوں، جگدل پور اور كھجي سیٹوں پر امیدواروں کی تعداد 16 سے زیادہ ہونے کی وجہ سے یہاں دو ،دو ای وی ایم یونٹیں لگائی گئیں۔پولنگ پارٹیوں کا واپس لوٹنا شروع ہو گیا هے۔ دشوار گزار علاقوں کی پولنگ پارٹیوں کو نزدیکی مرکزی فورسز کے کیمپوں میں محفوظ پہنچا دیا گیا ۔ انہیں کل صبح ہیلی کاپٹر سے واپس لایا جائے گا۔ اس مرتبہ مختلف طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے ووٹ فیصد بڑھانے کے لئے ہر پولنگ مرکز پر ووٹر سیلفی زون بنایا گیا تھا۔ ووٹروں نے سیلفی لینے کے بعد ریاستی الیکشن افسر کے ٹوئٹر اور فیس بک صفحے پر شیئر کیا۔ہر اسمبلی حلقے کی پانچ بہترین سیلفی کو انعام دیا جائے گا۔پولنگ مراکز پر نگرانی کے لئے 4336 پولنگ بوتھ میں سے 252 میں ویب کاسٹنگ کا انتظام کیا گیا ہے ۔ پولنگ کے پرامن انعقاد کے لئے سیکورٹی فورسز کے تقریبا 19 ہزار افسران اور اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔