وارانسی میں وزیراعظم نے کیا ملک کے پہلے ملٹی ماڈل ٹرمنل کا افتتاح

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-November-2018

وارانسی،(یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو اپنے پارلیمانی حلقے وارانسی میں گنگا ندی کے ساحل پر ملک کے پہلے ملٹی ماڈل ٹرمنل کا افتتاح کیا۔مسٹر مودی نے اپنے ایک روزہ مختصر دورے کے دوران رام نگر میں رموٹ کا بٹن دبا کر ملٹی ماڈل ٹرمنل کا افتتاح کیا اور بعد میں پہلے کنٹینر کارگو کو ہری جھندی دکھائی۔ ٹرانسپورٹ کے لئے سڑک، ریل اور آبی راستوں کو اس ٹرمنل سے جوڑا گیا ہے۔اس موقع پر روڈ ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہ، جہاز رانی، آبی راستے، ندی کی ترقی اور گنگا صفائی و تحفط کے وزیر نتن گٹکری اور اترپردیش بی جے پی کے صدر مہیندر ناتھ پانڈے موجود تھے۔ وارانسی۔ ہلدیا کے درمیان گنگا میں 1383 کلومیٹر آبی راستہ بنایا جا رہا ہے۔ وارانسی ملٹی ماڈل ٹرمنل بننے سے شمال مشرقی اور بنگلہ دیش تک آبی حمل ونقل کی سہولت دستیاب ہوگی جس سے روڈٹرانسپورٹ پر بوجھ کم ہوگا۔ ٹرمنل کی تعمیر سے اترپردیش، بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال کے کاروباریوں کو عالمی بازار سے جڑنے کے مواقع میسر ہوں گے۔